زنانیاں

اری عتیقہ!!
اری او عتیقہ!!
کیا ہوا رقیہ کیوں چیخ رہی ہو؟
اری معلوم ہے۔
آج میں نجمہ کے گھر تھی۔
اچھا تو اس میں چیخنے والی کیا بات ہے؟
وہ نجمہ کا شوہر ہے نا
عجیب اللہ!!
ہاں کیا ہوا اسے؟
اس نے لمبی سی داڑھی رکھی ہوئی ہے اور ہر وقت ہاتھ میں تسبی پکڑی ہوتی ہے۔
ہاں میں نے بھی سنا ہے۔
بیچارا نجمہ سے بہت محبت کرتا ہے۔
جب سے نجمہ کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔
اللہ والا ہو گیا ہے۔
ہر وقت ذکر اذکارکرتا رہتا ہے اور نماز کا پابند ہو گیا ہے۔
سنا ہے اب لوگوں کا علاج بھی بہت سستا کرتا ہے۔
غریبوں سے تو پیسے بھی نہیں لیتا۔
ہاں بھئی جسے اللہ ھدایت عطا فرما دے۔
ایسے لوگوں کی تو کایا پلٹ جاتی ہے۔
ایسے لوگوں سے ہی تو دینا قائم ہے۔
ورنہ کب کی قیامت آ چکی ہوتی ۔
اللہ نجمہ کو صحت عطا فرمائے ۔۔آمین
********************************
اری او عتیقہ !!!
بگلی جب بھی تو آتی ہے۔
چیخ چلا رہی ہوتی ہے۔
کبھی آرام سے ہی بات کر لیا کر۔۔
جلدی کر جلدی کر۔۔
بیچاری نجمہ کا انتقال ہو گیا ہے۔
ہائے اللہ!!!
بیچاری نے بہت سخت بیماری دیکھی۔۔
اللہ مرحومہ کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
بہت نیک تھی!!
بیچاری کے تو چھوٹے چھوٹے دو بچے بھی ہیں۔۔
ہائے ڈاکٹر عجیب اللہ  بیچارے کا براحال ہوگا۔
نجمہ سے بہت محبت کرتا تھا،،
ھائے اللہ !!
بیچارہ اس جوانی میں اکیلا کیسے بچے پالے گا۔۔
ڈاکٹر صاحب کی والدہ تو حیات ہی ہیں۔
اللہ رحم کرے گا۔۔
ارے پگلی۔
وہ بیچاری خود ضعیف ہیں۔
بچے کیسے پالیں گئیں اور بیمار بھی رہتی ہیں۔۔
اللہ رحم کرے گا۔۔
******************
اری او عتیقہ!!
رقیہ تجھے کتنی بار کہا ہے۔
چیختی ہوئی نا آیا کر!!
اری سن تو!!
کیا ہوا!!
وہ ڈاکٹر عجیب اللہ ہے نا۔
ہاں ہا ں نجمہ مرحومہ کا شوہر کیا ہوا اسے۔۔
ہاں ہاں اسی کی بات کر رہی ہوں۔
کیا ہوا اس بیچارے کو بہت نیک اور شریف انسان ہے !!
اری کہا ں کا نیک اور شریف
اس موئی زینت سے بیاہ رچانے جا رہا ہے!!
ایں!!! ھائے اللہ!!
ابھی تو نجمہ کا کفن بھی میلا نہیں ہوا۔۔
چھ مہینے بعد ہی اسے شادی کی سوجھ گئی!!
اری اس زینت نے ہی ڈورے ڈالے ہوں گے۔
پیسہ ہے ڈاکٹر ہے اپنا گھر بار کاروبار ہے۔
پھانس لیا ہو گا۔۔
اری دو معصوم بچوں پر بھی اسے ترس نہیں آیا!!
ماں کے مرتے ہی ان پر سوتیلی لا رہا ہے۔۔
یہ مولوی ایسے ہی ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر انجنیئر بھی بن جائیں تو ان کے کرتوت ایسے ہی ہوتے ہیں۔۔
انہی لوگوں کی وجہ سے تو آج اسلام بدنام ہو رہا ہے۔۔
انہی کیلئے کہا گیا ہے ۔۔
شکل مومناں کرتوت کافراں۔۔
بیوی کا کفن بھی میلا نہیں ہوا اور
اس نے دوسری عورت دیکھ لی۔
توبہ توبہ کیا زمانہ آگیا ہے !!۔۔
******
اری او عتیقہ!!
اری رقیہ بڑے عرصے بعد آئی۔۔
تیس سال سے تیری عادت نہیں بدلی۔
جب بھی آتی ہے،
چیختی ہی آتی ہے۔۔
اللہ تجھے زندگی دے۔۔اس عمر میں بھی آواز تیری تگڑی ہے۔۔
اری عتیقہ تو بھی جارہی ہے زینت کی بیٹی کی شادی پر ؟
ہاں اکٹھے ہی چلتے ہیں۔۔
زینت کتنی نیک بخت عورت ہے۔
بن ماں کے بچوں کو سگی ماں کی طرح پالا دونوں کو پڑھایا لکھایا۔
بیٹا ڈاکٹر ہے۔۔نیک شریف ہے ۔
بالکل باپ کیطرح صوم صلواۃ کا پابند ، نیک سیرت نیک صورت۔۔
ماں باپ اچھے نیک ہوں تو اولاد ایسی ہی اچھی ہوتی ہے۔۔
بیٹی بھی کتنی نیک شریف ہے ،
اچھی جگہ رشتہ ہو گیا ۔۔اللہ نصیب اچھے کرے۔۔
بس ڈاکٹر عجیب اللہ اور زینت جیسے اچھے مسلمانوں کی وجہ سے دنیا قائم ہے۔ورنہ قیامت کب کی آچکی ہوتی!!!!
زنانیاں زنانیاں Reviewed by یاسر خوامخواہ جاپانی on 7:01 PM Rating: 5

2 تبصرے:

عمیر کہا...

Nihonjin جی، آج پہلی مرتبہ آپ کی تحریر میں اس قدر آسانی اور سہولت دیکھی ورنہ ہم جیسے کم عقل تو آپ کی تحریر پڑھنے کے بعد کافی دیر تک سوچ بچار میں ہی پڑے رہتے ہیں ۔
بہرحال پیغام بہت عمدہ ہے۔ ۔۔۔۔ :-)

یاسر خوامخواہ جاپانی کہا...

جناب مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ
آئیں مل جل کر سوچ بچار کرتے ہیں۔
اعتراض اور پسند کا بہت بہت شکریہ

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.