مولی پراٹھے کا سائیڈ افیکٹ

آپ کہیں گئے گرمیوں میں مولیاں کہاں سے آئیں؟

جاپان کے پہاڑ دریا گرمیاں سردیاں ندی نالے ہوا پانی آکسیجن ہر کچھ ایک عدد "غوث" یا "قطب" رکھتا ہے۔بس یہی "ان کے" مشکل کشا ٹائپ کے "ماورائی" ان کیلئے ہر موسم کی سبزیاں فروٹ اور دیگر رزق ان کے مطابق انہیں  پہونچاتے ہیں ۔(نعوذ باللہ)

جاپانی سجھنے والوں کیلئے مثالوں تو جاپانی میں کچھ اسطرح کہا جاتا ہے کہ اومی نو کامی ساماں ، کازے نو کامی ساماں وغیرہ۔۔۔۔ہیں جی

اب اگر آپ کہیں کہ وہ تو سمندر کے خدا اور ہوا کے خدا کے معانی میں آتا ہے تو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔باشاہو۔۔۔۔۔۔۔جاؤ کلمہ شریف ایک بار پھر پڑھ کر ایمان تازہ کرو۔

ہاں تو بتا رہا تھا کل مولیاں خرید کر لے آیا تھا۔۔بھرتا بنا کر مولیاں والے پراٹھے بنائے اور جامِ جہالت لسی اور چٹنی سے کل رات بھی کھائے اور آج دوپہر کو بھی نوش فرمائے۔

بس آج کی ظہر کی نماز کے بعد کل رات ذرا دیر سے سونے کی وجہ سے بھی مجھ پر "قیلولہ شریف" کا وجد طاری ہوا اور روح نے قوتِ پرواز کرکے مجھے خوابِ خرگوش میں پہونچا دیا۔

بس پھر کیا تھا کہ میں دیکھتا ہوں ، میرے آس پاس ایک نورانی حالہ ہے ۔یہ "حالہ " ہی تھا۔ "نورانی خالہ" نہیں تھیں جن سے میں نے بچپن میں نورانی قاعدہ پڑھا تھا۔

تو میں دیکھتا ہوں کہ میں اس نورانی حالے کی حفاظت میں پاکستان کی "خوشبودار مسلمانی قلعے " کی فضاؤں میں خراماں خراماں اڑتا پھر رہا ہوں۔ دیکھتا ہوں کہ میرے "تلے" یعنی کہ "نیچے" یعنی کہ "انڈر گراؤنڈ"  عوام الناس کا ہجوم ہے۔ چیخ و پکار نعرے ھالا لا لالا لالا کا شور ہے۔

میں نے ذرا نورانی حالے کو نیچے کیا ۔۔نورانی حالے میں لیور لگا ہوا تھا۔تو مجھے "ڈکارنے " کی آوازیں آئیں، غور کرنے سے معلوم ہوا کہ میدان کی ایک طرف جو دم سادھے سانس روکے باادب با ملاحظہ ہجوم بیٹھا تھا اس سے الطاف بھائی ٹیلیفونک خطاب کر رہے ہیں۔

اووووو جاگیرداروووووو  او وڈیریووووو۔۔۔۔۔۔۔ماوتھ پیس پر ہاتھ رکھ ملکہ جی ملکہ جی کرپا کریں چٹی ماں جی شکتی دے بھی کہی جارہے ہیں ،لندن کا حال مجھے نورانی حالے کی ٹیبلٹ سکرین پر نظر آ گیا تھا ۔

پھر دیکھتا ہوں ایک طرف عمران خان خطاب فرما رہے ہیں ۔ تیری ہی عبادت کرتا ہوں اور تجھ سے ہی مدد مانگتا ہوں۔تبدیلی آئے گی نہیں تبدیلی جا چکی ہے۔ ان کے کانوں میں شاہ صاحب سرگوشیاں کر رہے تھے کہ جہلم کے پہونچے ہوئے بزرگ کا فون آیا تھا اور بتا رہے تھے کہ ان کی کمر کے کون کون سے نمبر والے مہرےھلے ہوئے ہیں اور جدید میڈیکل کے ڈاکٹر حیران پریشان ہیں کہ بابا جی کو کیسے اتنی باریکیاں پتہ لگ گئیں؟ بس مجھے بھی اس سے یقین ہو گیا کہ خدا کی مدد عمران خان کے ساتھ ہے۔

ایک طرف دیکھتا ہوں کہ سراج الحق صاحب سر پر ترچھی ٹوپی پہنے آنکھوں میں سادگی کی معصومیت سمیٹے اپنے جماعئتیوں کو وزیرستانی مہاجرین کی امداد کیلئے بھیج رہے ہیں۔۔سادہ بندہ ہے اور ٹوپی اس کی ترچھی ہے۔

دیکھتا ہوں ایک طرف سابقہ صدر زرداری زیر لب مسکرا رہے ہیں۔ اچھے بندے ہیں جی۔

ایک طرف جوشیلی آواز سے انقلاب انقلاب عوامی انقلاب کے نعرے مارتے ہوئے ۔۔۔۔۔"۔ری لوڈڈ قادری صاحب" خطابت کے جوہر دکھا رہے ہیں۔۔ لیکن نا جانے کیوں ان کے چاروں طرف استعمال شدہ ٹشو پیپروں کا ڈھیر اور ان کے منہ سے لعاب مبارک بہہ رہا ہے۔

پھر میں نے دیکھا کہ ایک چٹا گورا گول مٹول پیارا سا بچہ جینز پہنے "چیکاں" مارتے ہوئے رو رہا ہے۔ اور ساتھ میں زور زور سے بتا رہا ہے۔ میں انقلاب کیلئے آیا ہوں اوڑ یہ مجھے ماڑ ڑہے ہیں ، اوپڑ سے اتنی گڑمی بھی ہے،اب بٹائیں نا اتنے بُڑے حالاٹ میں ہم انقلاب کیسے لائیں؟

اتنے میں  مولانا ڈیزل کو رحم آیا اور انہوں نے آگے بڑھ کر بچے پر "دستِ شفقت" رکھا اور اس کی جینز اتار کر اسے دھوتی پہنا دی شاید گرمی سے بچانا چاھتے تھے۔یا انہیں جینز کی ضرورت تھی یا دھوتی کو ٹھکانے لگانا تھا۔ بس جی مولانا کی حکمت مولانا ہی جانیں۔

ایک طرف ایک لال ٹوپی والا سفید گھوڑے پر سوار پُرجوش انداز میں کہہ رہا تھا ہم نے لال قلعہ فتح کرنا ہے ہم وائٹ ہاؤس کو تہس نہس کر دیں گئے۔

اتنے میں ایف سکسٹین نے بمباری شروع کر دی اور ایک طرف سے "طالبانی دانوں" نے گرمی کی شدت سے پھٹنا شروع کر دیا۔
میں گھبرا گیا ، کیوںکہ میرے نورانی حالے کے باہر شدید  کھڑکھڑاہٹ ہو رہی تھی۔ نعروں کی شدت سے میرے کان پھٹنا شروع ہو گئے ۔
ہم نے بدلا ہے پنجاب ، ہم بدلیں گے پاکستان!!
تبدیلی تبدیلی تبدیلی آئے گی ، او بِلو ناچے گی، رانجھہ دیکھے گا!!
انقلاب انقلاب انقلاب عوامی انقلاب فوج نے سیکورٹی نہ دی تو یہ انقلاب آج ہی آجائے گا!!!
اور میری آنکھ کھل گئی!!
دیکھتا ہوں گھر کی بڑی کھڑکی کے باہر "تاڑو" (کتورا) پچھلی ٹانگوں پر کھڑا ہوکر کھڑکی پر مکے بر سا رہا ہے۔ اور کہہ رہا ہے "نیستی مارے" باہر نکل سیر کو چلتے ہیں ، مجھے "پوٹی" کرنی ہے۔ بس جنابو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بے موسمی "مولی پراٹھے" کے اثرات برے ہوتے ہیں اس لئے گرمیوں میں کھا کر شیخ چلی بننے سے پر ہیز کریں۔
مولی پراٹھے کا سائیڈ افیکٹ مولی پراٹھے کا سائیڈ افیکٹ Reviewed by یاسر خوامخواہ جاپانی on 3:42 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.