اپیل فار ڈونیشن

محترمی و مکرمی حضور اعلی حضرت بارک حسین اوبامہ اور  شہشاہ وقت کی لونڈی اقوام متحدہ کے رحم دل اور فیاض قابلِ عزت  مائی باپ فقیرانہ و بھیکارانہ التجاء کی جاتی ہے
کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان عالی عزت صدر مملکت اور عالی عزمت و چٹی شان کے وزیر اعظم صاحب کہیں  پر مصروف ہیں،عوام کو ان کی شکل نہیں دکھائی دے رہی۔
اور عوام اپنے سلام کی وجہ سے جلسے جلوسوں احتجاجوں کے علاوہ انتہائی اہم دینی فریضہ جہاد انجام دے رہے ہیں، ہندو بزدل مکار عیار نے پہلے تو اپنے پرنالوں کا پانی کھول کر ہماری فصلیں تباہ کردیں،

اور اس کے بعد اپنے آلو پیاز ٹماٹر ہمیں ایکسپورٹ کئے۔لیکن عوام نے جہادی ماحول خوب گرم ہونے کی وجہ سے ذخیرہ کرکے یہ اجناس انتہائی مہنگی کر دی ہیں۔
علماء کرام جہادی ماحول کو ٹھنڈا کرنے کیلئے اسلام کے امن پسند اور روادار مذہب ہونے کی تبلیغ میں مصروف ہیں۔لیکن حضور والا آپ کو ضمانت دی جاتی ہے ان علماء کرام میں سے کوئی بھی جہاد کا منکر نہیں ہے۔ پورے پاکستان کی عوام سچی اور پکی مسلمان ہے اور اپنے اپنے سلام پر سختی سے کاربند ہیں۔

اپنی ہر نماز میں آپ یہود ونصاری کی توپوں میں کیڑے پڑنے کی دعائیں خشوع وخضوع سے کرتے ہیں۔حج نماز روزہ کے بھی پابند ہیں۔ دوردو سلام کا ورد کرتے ہوئے جلوس نکالتے ہیں۔
آپ سے پر زور اپیل کی جاتی ہے،اپنے پیارے اور انتہائی خوبصورت ڈرونز کے ذریعے بمبوں کے بجائے ڈالر پھینک دیں،اللہ آپ کے ڈالر چھاپنے والی مشینوں میں برکت ڈالے گا اور وہ بغیر بجلی کے بھی ٹھکا ٹھک ڈالر چھاپیں گئیں۔
اگر ڈالر پھینکنے میں دقت محسوس کر رہے ہیں،اور پاکستان کی عوام کے احتجاجی جلوسوں کا ڈرہے۔
تو جناب عالی  صرف ٹماٹر ہی پھینک دیں۔
آپ کے پاس اگر ٹماٹروں کی کمی ہے تو اسپین کے ٹماٹر میلے کیلئے جو ٹماٹر محفوظ کئے ہوئے ہیں وہی پھینک دیں۔ویسے بھی ان ٹماٹروں کو ڈنگروں نے پاؤں تلے روند دینا ہے۔
آپ کو میلے کی انٹرٹینمنٹ نہ ملنے کا اگر افسوس ہے تو جناب عالی آپ سے خاکسار وعدہ کرتا ہے۔
وہ موج میلا آپ کو دکھایا جائے گا کہ آپ ہر سال ہی کیا روزانہ ٹماٹر پھینکنے کیلئے اپنی ٹماٹروں کی کاشت کو تیز تر کر دیں گے۔
سال میں ایک بار جو آپ کا اسپینش ڈنگر اسپین کی گلیوں میں باؤلا ہوا پھرتا ہے اور بندوں کو سینگھوں پر اچھالتاہے۔جناب عالی یہ کام تو ہماری ننھی منی سی چنگچی روزانہ گلی کوچوں میں کر رہی ہوتی ہے۔جناب عالی اس ننھی منی چنگچی سے لوگ اسی طرح بھاگ کر جان بچا رہے ہوتے ہیں جسطرح اسپین کے میلے میں لوگ باؤلے ڈنگر سے بھاگ رہےہوتے  ہیں۔
جناب اعلی اس خاکسار کو علم الیقین ،عین الیقین سے بھی آگے کا اندھا کانا کالاشا رجھ کے کالا یقین ہے،اور آپ کو ضمانت دیتا ہوں۔
جیسے ہی آپ کی ڈرونز آسمان سے ٹماٹر پھینکیں گے۔آپ اسپانیش ڈنگر کو بھول جائیں۔عوام ٹماٹر میلے کے جنون میں ایسے تاک تاک کر ہر دوسرے بندے کو سینگ ماریں گے کہ ہر کوئی اپنے اپنے "سوراخ" یعنی مورے کو رو رہا ہوگا۔
جناب والا میڈیا آپ کو اور آپ کی عوام کو خوش کرنے کیلئے لائیو کوریج دکھائے گا اور اندروں اندری کی انتہائی دلچسپ اور اصلی جعلی وڈیو آپ سوشل میڈیا پر دیکھ لیں گے۔
صرف ٹماٹر ڈرونز سے پھینکوانے سے گوگل ،فیس بک ، ٹوئیٹر کی ریٹنگ آسمان کو پہونچ کر فرشتوں کو گدگدیاں کر رہی ہو گی۔
حضور والا جیسا کے آپ کو معلوم ہے گوگل ،فیس بک ، توئیٹر لمٹڈ کمپنیاں ہیں اور ان کے مالکان بھی یہود و نصاری ہیں۔تو جناب عالی ان کمپنیوں کے حصص بھی خوب اور خوب بڑھیں گئے،یعنی آپ کی معاشیت میں اتنا گھن چکر چل جائے گا کہ چند سالوں تک آپ ہاتھ میں ڈگڈی لئے بیٹھ کر کھا پی کر جان بنا لیں گے۔

حضور والا اس وقت تک یہ خاکسار پھر آپ کو نیا آئیڈیا پیش کر دے گا۔اور ڈنگروں کا کوئی نیا کھیل تیار کرکے آپ کے حوالے کر دیا جائے گا۔
حضور عالی فی الحال آپ فقط ایک عدد ڈالرز کا توڑا مجھے ارسال فرمادیں۔اور فوراً سے پیشتر ٹماٹر پھینک کر ثواب دارین حاصل فرمائیں۔
ہماری دعا ہے جنت الفردوس میں آپ سب کے درجات بلند ہوں۔جیسے کہ دنیا میں آپ کے اقبال بلند ہیں۔حضور والا ہمارے اقبال تو لہوڑ میں قبر بند ہیں۔
فقط خاکسار
خوامخواہ جاپانی
اپیل فار ڈونیشن اپیل فار ڈونیشن Reviewed by یاسر خوامخواہ جاپانی on 2:26 PM Rating: 5

3 تبصرے:

raina jaffri کہا...

واہ جاپانی صاحب کیا کہنے آپ کے کھیل تماشے کے ، بہت اعلیٰ

محمد وقاص احمد کہا...

آج سے پہلے طنز و مزاح کی جتنی کتب یا مضامین پڑھے وہ عام طور پر بہت مشکل اور گاڑھی اردو میں ہوتے ہیں
مگر یاسر بھائی کے سادہ الفاظ اور سادہ انداز بہت ہی اعلی ہے کہ مزا ہی آجاتا ہے

Azeem Javed کہا...

Bitter fact in a sweetened way. . .nice writing yasir bhai

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.